اسلام آباد ( پاکستان خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مردوں، خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازع جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ کشمیری تنازعات، پابندیوں اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کے المناک باب کی یاد دلاتا ہے۔ 79 برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جرأت اور ثابت قدمی ان کی جدوجہد کا روشن ثبوت ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ اس تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔