لاہور ( سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کی قیادت وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کریں گی جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان ہوں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلا جائے گا۔14 رکنی اسکواڈ میں ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ صدف شمس اور وحیدہ اختر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کپتان فاطمہ ثناء بگ بیش لیگ میں شرکت کے باعث اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ٹیم میں منیبہ علی (کپتان)، عائشہ ظفر (نائب کپتان)، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔پاکستان ویمن ٹیم پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، جس کا آغاز 2025 میں ہوا تھا۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلادیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔پاکستانی اسکواڈ 6 نومبر کو لاہور میں جمع ہوگا، جس کے بعد عجمان روانگی سے قبل 7 سے 9 نومبر تک تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں مینٹور وہاب ریاض، منیجر عائشہ ظفر، بیٹنگ کوچ عمران فرحت، اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمٰن، فاسٹ بولنگ کوچ عمید آصف اور فیلڈنگ کوچ عبدالحمید شامل ہیں۔