پشاور( پاکستان خبر) کرم ڈسٹرکٹ میں سیکیورٹی فورسز نے 8 ستمبر 2026ء کو فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے افغان خارجی عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ کا رہائشی اور کالعدم فتنۃ الخوارج سے وابستہ تھا۔ وہ پاکستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا تھا۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے افغانستان سے دراندازی کرنے والے ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک کے امن و سلامتی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے افغان خارجی سمیت 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار قوم کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔