راولپنڈی( پاکستان خبر) بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ اور پشین میں مجموعی طور پر 9 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد مارے گئے۔ فورسز نے دہشتگردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے فورسز پُرعزم ہیں۔دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک اور سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک افراد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔