سنگاپور( کامرس ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد نرخ گزشتہ 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 116 ڈالر 72 سینٹ فی بیرل پر بند ہوا۔اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی 3.82 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 103 ڈالر 27 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات نہ ہونے اور ایران پر ممکنہ حملوں سے متعلق اطلاعات نے عالمی منڈی میں تشویش بڑھا دی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خام تیل کی سپلائی مزید متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔