لاہور( پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں، جانبازوں، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ یومِ فضائیہ قومی اتحاد، پختہ عزم اور حب الوطنی کی علامت ہے۔ ملک کی فضائی حدود کی حفاظت میں پاکستان ایئر فورس کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرأت، شجاعت اور بہادری کی ایسی داستانیں رقم کیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یومِ فضائیہ پر پاکستان ایئر فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سلام پیش کرتے ہیں۔مریم نواز شریف کے مطابق گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 جدید جنگی طیارے مار گرائے اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا۔ شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ قابلیت، بہادری اور عزم سے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔