میرپور، آزاد کشمیر( پاکستان خبر) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 2026 کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا۔پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے پولنگ ایجنٹس کو انتخابی عمل کی نگرانی سے مبینہ طور پر روکے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا بے ضابطگی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور الیکشن کمیشن کو شکایات کا فوری ازالہ کرنا چاہیے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی جماعت کو انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ ایل اے 15 اور 16 سے متعلق 9 شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی ہیں اور ان کے پولنگ عملے کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی۔الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ ضلع باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں ووٹنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات پہلے ہی ملتوی کیے جاچکے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات، تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان