اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملکی انشورنس صنعت کے مجموعی اثاثے 4.1 ٹریلین روپے جبکہ پریمیم 15 فیصد اضافے کے بعد 778 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے انشورنس صنعت کی ڈیٹا رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 2025 میں انشورنس کمپنیوں نے پہلی بار 10 لاکھ سے زائد کلیمز کی ادائیگی کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ایس ای سی پی کے مطابق لائف انشورنس کمپنیوں نے 410 ارب روپے اور نان لائف انشورنس کمپنیوں نے 132 ارب روپے کے کلیمز ادا کیے۔ لائف انشورنس کمپنیوں نے وفات سے متعلق 33 ہزار سے زائد جبکہ نان لائف کمپنیوں نے صحت اور حادثات سے متعلق 7 لاکھ 20 ہزار سے زائد کلیمز نمٹائے۔رپورٹ کے مطابق موٹر انشورنس کے 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد کلیمز ادا کیے گئے جبکہ آگ اور املاک سے متعلق تقریباً 11 ہزار کلیمز نمٹائے گئے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ کلیمز کی تفصیلات جاری کرنے سے انشورنس شعبے میں احتساب بڑھے گا، جبکہ بروقت کلیمز کی ادائیگی پالیسی ہولڈرز کے اعتماد کیلئے اہم ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل ذرائع سے کی جانے والی انشورنس کے پریمیم میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 71 فیصد بڑھ گیا۔