بغداد( مانیٹرنگ ڈیسک)عراق کے دارالحکومت بغداد میں 27واں بین الاقوامی کتاب میلہ اس سال ریکارڈ عالمی شرکت کے ساتھ جاری ہے۔میلے میں 28 ممالک سے 600 سے زائد ناشرین اور مختلف ادارے شریک ہیں، جو اس کتاب میلے کی تاریخ میں سب سے بڑی بین الاقوامی شرکت ہے۔ شریک ممالک میں 17 عرب جبکہ 11 غیر عرب ممالک شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 618 ناشرین، تحقیقی اور ثقافتی اداروں نے میلے میں شرکت کی ہے۔میلے میں دسیوں ہزار نئی کتابیں نمائش اور فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ چین نے پہلی مرتبہ بغداد بین الاقوامی کتاب میلے میں شرکت کی ہے، جبکہ عمان بھی 27 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ میلے کا حصہ بنا ہے۔بغداد بین الاقوامی کتاب میلہ 2 سے 12 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ رواں برس میلے کا موضوع ’’بغداد، اسلامی ثقافت کا دارالحکومت‘‘ رکھا گیا ہے۔