ہوانا( مانیٹرنگ ڈیسک) کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے کہا ہے کہ امریکا کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کہ کون سے ممالک یا کمپنیاں کیوبا کے ساتھ تجارت کرسکتی ہیں، وہاں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں یا عوام کو امداد فراہم کرسکتی ہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق برونو روڈریگز نے گزشتہ روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا کو یہ طے کرنے کا اخلاقی اختیار بھی حاصل نہیں کہ بین الاقوامی قانون اور آزاد تجارت کے اصولوں کے تحت کیا قانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ امریکی اقدامات کو قانونی سمجھتے ہیں، وہ کیوبا کے عوام کو اجتماعی سزا دینے کے عمل میں شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو کیوبا کے ساتھ ایندھن اور دیگر اشیا کی تجارت محدود کرنے کا کوئی حق نہیں۔کیوبا کے وزیر خارجہ نے دوسرے ممالک کے بحری جہازوں اور وسائل کے خلاف امریکی اقدامات پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو بحری ناکہ بندی کرنے، توانائی کی فراہمی روکنے، کھلے سمندر میں جہازوں کو روکنے یا ان کی تلاشی لینے اور مشکوک سرگرمیوں کے شبہے کی بنیاد پر بین الاقوامی پانیوں میں موجود افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار نہیں۔برونو روڈریگز نے دوسرے ممالک کے وسائل یا خودمختار علاقوں پر قبضے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا کا مؤقف سچائی اور دلیل پر مبنی ہے اور امریکی دلائل ایسے اقدامات کو جائز قرار نہیں دے سکتے۔
امریکا کو کیوبا سے تجارت محدود کرنے کا کوئی حق نہیں، برونو روڈریگز
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں