کراچی (پاکستان خبر) شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں لاپتا ہو گیا، جس کے بعد طیارے اور اس میں سوار عملے کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے میں پہنچ چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بولہاری سے روانہ ہو کر سرچ آپریشن میں حصہ لے رہا ہے۔اس کے علاوہ پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کر کے تلاش کی کارروائی میں شامل ہو گیا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے نجی کارگو طیارے کے لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شارجہ سے کراچی آنے والی پرواز سے دورانِ پرواز رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ترجمان پی اے اے کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی، جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے فوری رہنمائی فراہم کی، تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور اس نے اپنی سمت بھی تبدیل کر لی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہو گیا، جبکہ اسی وقت اس سے مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا اور بحیرہ عرب میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔پی اے اے کے مطابق مختلف ادارے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ لاپتا کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ سمندر میں لاپتا، سرچ آپریشن جاری
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان