کراچی( کامرس ڈیسک) چیری ماسٹر پاکستان نے پاکستان آٹو شو 2026 کے دوران مکمل برقی گاڑی ’چیری کیو‘ متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔کمپنی کے مطابق نئی گاڑی کی شمولیت سے پاکستان میں نئی توانائی کی گاڑیوں کی بڑھتی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے برقی گاڑیوں کے شعبے کو مزید وسعت ملے گی۔ چیری کیو کو شہری سفر اور روزمرہ آمدورفت کی ضروریات کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی 18 ستمبر کو پاکستان آٹو شو میں گاڑی کی قیمت ظاہر کرے گی، جبکہ اسی روز اس کی بکنگ بھی شروع ہوجائے گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ چیری کیو ایسے وقت میں پاکستانی مارکیٹ میں آرہی ہے جب نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران اس شعبے میں 392 فیصد اضافہ ہوا اور نئی توانائی کی گاڑیاں مجموعی گاڑیوں کی مارکیٹ کا تقریباً 15 فیصد حصہ بن چکی ہیں۔چیری کیو میں 42.7 کلو واٹ آور کی بیٹری دی گئی ہے، جو این ای ڈی سی پیمانے کے مطابق ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر 400 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔ گاڑی کی توانائی کی کارکردگی 9.4 کلومیٹر فی یونٹ تک بتائی گئی ہے۔ اس میں لیول ٹو جدید ڈرائیور معاون نظام کے تحت 21 معاون خصوصیات، خودکار پارکنگ معاون نظام، 15.6 انچ کی 2.5K اسکرین، موبائل رابطے کی سہولت اور گاڑی سے بیرونی آلات کو بجلی فراہم کرنے کا نظام شامل ہے۔کمپنی کے مطابق سالانہ 20 ہزار کلومیٹر چلنے والی روایتی پیٹرول گاڑی پر تقریباً 4 لاکھ 88 ہزار روپے ایندھن خرچ ہوتا ہے، جبکہ اضافی شمسی بجلی سے چارج کی جانے والی چیری کیو کے سالانہ توانائی اخراجات تقریباً 30 ہزار روپے رہیں گے۔کمپنی نے مزید بتایا کہ پاکستان نے 2024 میں تقریباً 17 گیگا واٹ شمسی توانائی کی صلاحیت درآمد کی، جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتوں پر شمسی نظام کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ گھریلو صارفین اضافی شمسی بجلی کو گرڈ میں واپس بھیجنے کے بجائے برقی گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔