اسلام آباد( کامرس ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مالیاتی فراڈ کی روک تھام اور عوام کی جمع پونجی کے تحفظ کے لیے کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ قائم کر دیا ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق نیا یونٹ پونزی اور پرامڈ اسکیموں، بغیر اجازت عوام سے رقوم جمع کرنے اور قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں سمیت دیگر مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کی رقم کو خطرے میں ڈالنے والی اسکیموں کی بروقت نشاندہی اور سرمایہ کاروں کو مالی نقصان سے محفوظ رکھنے میں مدد دینا ہے۔اعلامیے کے مطابق کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ سماجی رابطوں کے ذرائع، ڈیجیٹل اشتہارات اور خبروں کے ذریعے مشکوک مالیاتی سرگرمیوں کا سراغ لگائے گا۔ اس کے علاوہ عام ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو قانونی اور ضابطہ جاتی شواہد میں تبدیل کرکے خطرات کی بنیاد پر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے گا، تاکہ غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کی بروقت شناخت ممکن ہو سکے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ مالیاتی فراڈ کی بروقت نشاندہی سے سرمایہ کاروں کو نقصان سے بچانے میں مدد ملے گی۔ایس ای سی پی کے مطابق کارپوریٹ انٹیلی جنس یونٹ براہ راست چیئرمین کی نگرانی میں کام کرے گا۔