کراچی( کامرس ڈیسک)فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی بحالی کیلئے طویل مدتی قرضوں کی شرح سود سالانہ 2 فیصد کرنے کا مطالبہ کردیا۔فباٹی کے صدر رضا حسین نے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط میں کہا ہے کہ چھوٹی صنعتوں کیلئے مقررہ شرح پر مالی معاونت کی خصوصی اسکیم متعارف کرائی جائے۔ ان کے مطابق مہنگے بینک قرضوں کے باعث صنعتکاروں کیلئے مشینری خریدنا اور پیداواری صلاحیت بڑھانا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتیں بلند شرح سود، توانائی کے مہنگے نرخوں اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں کے باعث مسلسل دباؤ میں ہیں، اس لیے اس شعبے کیلئے جامع اور دیرپا مالیاتی منصوبہ تیار کیا جائے۔رضا حسین نے مطالبہ کیا کہ برآمد کنندگان کی طرح چھوٹی صنعتوں کو بھی کم شرح پر قرض فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق صنعتی یونٹس کی بندش میں اضافے سے بے روزگاری بھی بڑھ رہی ہے۔فباٹی کے مطابق چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں سے متعلق پالیسی کیلئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی خط ارسال کردیا گیا ہے۔