ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، جدہ، ینبع، طائف اور تبوک سمیت مختلف شہروں کے لیے ہنگامی خطرے کا الرٹ جاری کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے جاری الرٹ میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو سرکاری ہدایات پر عمل کرنے، ہجوم سے دور رہنے اور صورتحال کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے گریز کی ہدایت کی گئی۔حکام نے الرٹ جاری کرنے کی فوری طور پر کوئی مخصوص وجہ نہیں بتائی، تاہم یہ پیش رفت یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے مکہ مکرمہ اور جدہ سمیت متعلقہ شہروں میں خطرہ ٹلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب کوئی خطرہ موجود نہیں، تاہم شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دوسری جانب سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیے۔