اسلام آباد (پاکستان خبر)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جو سیاسی جماعت خلوصِ نیت کے ساتھ سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی نہیں ہوگی، وہ سیاسی منظرنامے سے مائنس ہوجائے گی۔جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر نے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کی وزیراعظم نے فوری منظوری دے دی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس وقت حکومت کی اولین ترجیح دہشت گردی کا قلع قمع کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کیے بغیر عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو بھی سیاسی جماعت دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے کا حصہ نہیں بنے گی، اسے سیاسی طور پر مائنس ہونا پڑے گا۔ ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ پوری سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ فی الحال اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔
فورسز کے ساتھ مخلصانہ طور پر کھڑی نہ ہونے والی سیاسی جماعت مائنس ہوجائے گی: رانا ثنا اللہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان