اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے طریقۂ کار پر پیٹرول پمپ مالکان نے ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط لکھ کر ڈیلی پرائس میکانزم کے باعث پیش آنے والی کاروباری مشکلات سے آگاہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ موجودہ اسٹاک کی مالیت کا تعین کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں بار بار ردوبدل سے کیش فلو اور انوینٹری کا نظام متاثر ہورہا ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے کے ساتھ روزمرہ کاروباری امور بھی متاثر ہورہے ہیں۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے قابلِ عمل اور شفاف نظام وضع کیا جائے اور اس سلسلے میں پیٹرول پمپ مالکان سے مشاورت کی جائے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ قیمتوں کے تعین کے نظام میں پیٹرول پمپ مالکان کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات کے دوران کاروباری مشکلات اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کی جائیں گی۔یہ خط آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کی جانب سے لکھا گیا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان کے ڈیلی پرائس میکانزم پر تحفظات، وفاقی وزیر سے ملاقات کا مطالبہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس