استنبول( مانیٹرنگ ڈیسک)ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری سے غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو بلا تاخیر شروع کی جانی چاہیے۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ اسرائیل پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ غزہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شدید تباہی کا شکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025ء تک علاقے کے 84 فیصد ڈھانچے تباہ ہوچکے تھے۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025ء میں امریکی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملے جاری رہے، جبکہ تعمیر نو کیلئے ضروری آلات کی غزہ میں داخلے پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ غزہ کی بحالی اور تعمیر نو کیلئے ان آلات کی اشد ضرورت ہے۔