اسلام آباد (پاکستان خبر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غلط معلومات اور فیک نیوز آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل خواندگی کو نصاب کا حصہ بنانا ضروری ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد پر واضح لیبل لگانا لازمی قرار دینا ہوگا۔عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سائبر سیکیورٹی اور سوشل میڈیا سے متعلق مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمیں ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت کے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق وزارت اطلاعات میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے، جبکہ بچوں کو سوشل میڈیا کے غیر محفوظ استعمال سے بچنے کے طریقے سکھانا بھی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے کام شروع کردیا ہے، جس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو بھی مدد ملے گی۔