لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی 13 سالہ مارشل آرٹس کھلاڑی فاطمہ نسیم نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر اپنے عالمی ریکارڈز کی تعداد 10 تک پہنچا دی، وہ پاکستان کی جانب سے 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔فاطمہ نسیم نے ہاتھوں میں انڈے تھام کر ایک منٹ کے دوران 340 پنچز لگائے اور بھارتی کھلاڑی دیبیاجوتی سرکار کا 331 پنچز کا سابق ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی فاطمہ نسیم کا ایک اور عالمی ریکارڈ تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے دو کرسیوں کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے ایک منٹ 45 سیکنڈ تک اسٹریچنگ کی، جبکہ اس سے قبل کم از کم ریکارڈ ایک منٹ 30 سیکنڈ تھا۔فاطمہ نسیم اس سے قبل چار بھارتی کھلاڑیوں کو شکست دے چکی ہیں جبکہ دنیا کی معروف لچکدار ایتھلیٹ لبرٹی باروس کا ریکارڈ بھی توڑ چکی ہیں۔ لبرٹی باروس برطانیہ، امریکا اور اسپین کے معروف شوز میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔پاکستانی کھلاڑی کو متعدد عالمی ریکارڈز رکھنے والی جرمنی کی معروف مارشل آرٹس ایتھلیٹ پالینا گلیبووا کو شکست دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جبکہ وہ بھارتی مارشل آرٹسٹ کرن یونیال کا ریکارڈ بھی توڑ چکی ہیں۔