اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلئے خصوصی ٹیکس اسکیم کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کردی۔ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق خصوصی ٹیکس اسکیم ابتدائی مرحلے میں ہے، جبکہ تاجروں کو رجسٹریشن کے دوران پیش آنے والی عملی اور تکنیکی مشکلات کے حل کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر تاجر برادری، مارکیٹ نمائندگان اور مختلف تجارتی تنظیموں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسکیم پر عملدرآمد کو آسان اور شفاف بنایا جاسکے۔اعلامیے کے مطابق تاجروں کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش حقیقی مشکلات دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ایف بی آر ترجمان نے کہا کہ اگر کسی تاجر کو خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹریشن میں تکنیکی دشواری یا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ براہ راست ایف بی آر سے رابطہ کرے، جہاں اسے ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق اسکیم چھوٹے دکانداروں کو آسان طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نظام کا حصہ بننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کی حوصلہ افزائی اور چھوٹے تاجروں کیلئے کاروباری و ٹیکس معاملات میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ایف بی آر نے امید ظاہر کی ہے کہ تاجر برادری اور تجارتی تنظیموں کے تعاون سے خصوصی ٹیکس اسکیم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرے گی۔