کوئٹہ ( کامرس ڈیسک)کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جہاں فی کلو آٹا 15 روپے مہنگا ہونے کے بعد 145 روپے سے بڑھ کر 160 روپے کا ہوگیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 300 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 2 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ سے اب تک آٹے کی فی کلو قیمت میں مجموعی طور پر 40 روپے جبکہ 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 800 روپے اضافہ ہوچکا ہے۔دوسری جانب کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 ہزار 250 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ شہر میں سرکاری طور پر اس کی قیمت 2 ہزار 640 روپے مقرر ہے۔آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو روٹی کی خریداری میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق نانبائیوں نے آٹے کی مہنگائی کو جواز بنا کر 40 روپے میں فروخت ہونے والی روٹی کا وزن کم کردیا ہے۔ مقررہ وزن 310 گرام کے بجائے اب روٹی کا وزن 230 سے 270 گرام تک رہ گیا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے اور روٹی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔