پیرس ( مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی صدارتی امیدوار میرین لی پین نے کہا ہے کہ فرانس کی موجودہ معاشی صورتحال یوکرین کو مزید مالی امداد فراہم کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے بجٹ خسارے اور معاشی ترقی کی سست رفتار کو اس فیصلے کی بنیادی وجوہات قرار دیا۔میرین لی پین کا کہنا ہے کہ اگر وہ 2027ء کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوئیں تو ان کی حکومت یوکرین کے لیے مالی معاونت ختم کر دے گی۔ تاہم ان کے مطابق اقتدار سنبھالنے کے بعد ابتدائی چھ ماہ تک موجودہ امداد جاری رکھی جا سکتی ہے، تاکہ یوکرین کو اچانک مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس مدت کے بعد امداد روک دی جائے گی۔لی پین نے کہا کہ فرانس پہلے ہی یوکرین کی معاونت کے لیے بھاری مالی ذمہ داریاں قبول کر چکا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے 90 ارب یورو کے قرض پیکیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فرانس کا حصہ تقریباً 18 ارب یورو ہے، جو ان کے بقول فرانسیسی معیشت کے لیے بہت بڑی رقم ہے۔ان کا مؤقف ہے کہ فرانس محدود فوجی اور عملی تعاون جاری رکھ سکتا ہے، تاہم بڑے پیمانے پر مالی امداد فراہم کرنا اب ملک کے لیے ممکن نہیں رہا۔