پشاور( پاکستان خبر) خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی بہتری اور تیز رفتار ترقی کے لیے ترقیاتی فنڈز فوری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پیر کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پشاور میں علاقائی ترقیاتی سیکریٹریٹ کے ارکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹریٹ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے ان علاقوں میں امن کے قیام اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں ضم شدہ اضلاع کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعلقہ علاقوں میں پائیدار امن اور تیز رفتار ترقی کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی، بروقت اجرا اور شفاف استعمال یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے تعاون سے ان 12 اضلاع میں عوامی محرومیوں کے خاتمے، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں امن و ترقی کے لیے فنڈز فوری جاری کرنے کا فیصلہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان