برلن( مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی نے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے بالخصوص آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال میں پاکستانی کردار کو اہم قرار دیا ہے۔جرمن دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جرمنی علاقائی تنازعات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خصوصاً آبنائے ہرمز اور باب المندب سے متعلق پاکستانی سفارتی کاوشیں قابلِ ذکر ہیں۔بیان کے مطابق جرمن اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیان رابطے میں علاقائی صورتحال سمیت مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں جانب سے یوکرین جنگ کے حل کے لیے مذاکراتی عمل کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم بحری راستہ ہے، جبکہ باب المندب خلیج عدن اور بحیرہ احمر کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ ہے۔ ان راستوں میں کشیدگی سے عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔جرمنی کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی پذیرائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے سفارتی حل کے لیے مختلف ممالک کے درمیان رابطے جاری ہیں۔