نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)دہلی کے جنتر منتر پر 23 جولائی کو ہونے والے احتجاج کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام کا سامنا کرنے والی لڑکی نے اپنے بیان پر معذرت کر لی ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں لڑکی نے اپنے عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کی "پہلی اور آخری غلطی" ہے۔ویڈیو پیغام میں لڑکی نے کہا کہ احتجاج کے دوران وہ کچھ افراد کے بہکانے میں آ گئی اور وزیراعظم کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے۔ اس نے پورے ملک سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے عمل پر شدید شرمندگی ہے اور وہ سب سے معافی کی درخواست کرتی ہے۔دوسری جانب اس معاملے میں ایک تضاد بھی سامنے آیا ہے۔ پولیس کی ایف آئی آر میں لڑکی کی عمر 25 سال درج ہے، جبکہ مبینہ معافی کے ویڈیو پیغام میں وہ اپنی عمر 15 سال بتا رہی ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے، تاہم اس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔