تازہ ترین
پاکستان خبر

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 8 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

کراچی(پاکستان خبر) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبات کی منظوری نہ ہونے کی صورت میں 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پاکستان کی تمام ٹرانسپورٹ تنظیمیں متفقہ طور پر مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹرانسپورٹرز کا چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کر دیا گیا ہے، تاہم مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ٹرانسپورٹرز کے مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا خاتمہ، قیمتوں کا ماہانہ بنیاد پر تعین اور حالیہ اضافے کی واپسی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹول ٹیکس میں کیے گئے اضافے کو واپس لے کر اسے 30 جون 2024 کی سطح پر لانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ شعبے پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر کے آئل ٹینکرز کی طرح 2 فیصد کیا جائے، جبکہ ایکسل لوڈ قوانین پر مکمل عملدرآمد اور اوورلوڈنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ٹرانسپورٹرز نے کسٹمز کے ایس آر او 1619/2024 کے خاتمے، ڈرائیورز کو ٹیسٹ کے بعد ایچ ٹی وی لائسنس جاری کرنے اور کراچی پورٹ و پورٹ قاسم کے اطراف گاڑیوں کے لیے مناسب پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ملک شہزاد اعوان نے بلوچستان میں ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی کے قانون، روڈ حادثات میں 97 لاکھ روپے دیت کے قانون اور سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے دوران تھرڈ پارٹی انشورنس کے نام پر مبینہ اضافی وصولیوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔