کیلیفورنیا( ویب ڈیسک)گوگل میپس دنیا کی مقبول ترین نیوی گیشن ایپلی کیشنز میں شامل ہے، اگرچہ کبھی کبھار اس میں غلطی کا امکان ہوتا ہے تاہم زیادہ تر مواقع پر یہ راستوں کی درست رہنمائی فراہم کرتی ہے۔گزشتہ چند برسوں میں گوگل میپس میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ صارفین کے لیے اس کا استعمال مزید آسان اور بہتر بنایا جا سکے۔ اس ایپ کا ایک اہم فیچر مختلف رنگوں کے ذریعے سڑکوں اور ٹریفک کی صورتحال کی نشاندہی کرنا ہے۔گوگل میپس میں مختلف بصری علامات کی مدد سے سڑکوں، شاہراہوں، زیر زمین راستوں اور ریلوے ٹریکس کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی بتانے کے لیے مخصوص رنگ استعمال کیے جاتے ہیں۔گوگل میپس میں رنگوں کا مطلب:سڑکوں اور ہائی ویز کو عام طور پر سرمئی رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ چھوٹی گلیوں اور راستوں کے لیے ہلکا سرمئی جبکہ بڑی سڑکوں کے لیے گہرا سرمئی رنگ استعمال ہوتا ہے۔ ریلوے ٹریکس کو بھی ہلکے سرمئی رنگ میں دکھایا جاتا ہے، تاہم انہیں باریک لکیروں سے نمایاں کیا جاتا ہے۔ٹریفک کی صورتحال جاننے کے لیے گوگل میپس میں لیئرز کا آپشن استعمال کیا جاتا ہے۔سبز رنگ کا مطلب ہے کہ ٹریفک معمول کے مطابق رواں ہے اور سفر میں کسی بڑی رکاوٹ کا امکان نہیں۔پیلا اور نارنجی رنگ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سڑک پر گاڑیاں چل تو رہی ہیں لیکن رفتار کم ہے۔ پیلا رنگ معمولی سست روی جبکہ نارنجی رنگ نسبتاً زیادہ ٹریفک کو ظاہر کرتا ہے۔سرخ رنگ ٹریفک کی شدید صورتحال کی علامت ہے، جس کا مطلب ہے کہ کسی مقام پر گاڑیوں کا رش زیادہ ہے اور سفر کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔ ہلکا سرخ رنگ زیادہ ٹریفک جبکہ گہرا سرخ رنگ شدید ٹریفک جام کی نشاندہی کرتا ہے۔نیلا رنگ ٹریفک کی صورتحال کے بجائے راستے کی رہنمائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گہرا نیلا رنگ منتخب یا ترجیحی راستہ ظاہر کرتا ہے جبکہ ہلکا نیلا رنگ متبادل راستوں کی نشاندہی کرتا ہے۔