کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے جیمینائی اے آئی ماڈل نے سائبر سکیورٹی صلاحیتوں کے ایک تجربے کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات استعمال کرتے ہوئے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرلی۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’’اِرریگولر‘‘ کی جانب سے کیے گئے جائزے کے دوران پیش آیا۔ اسے گوگل کے اے آئی نظام کی جانب سے مبینہ طور پر خودکار طور پر اس نوعیت کی کارروائی کرنے کی پہلی معروف مثال قرار دیا جا رہا ہے۔تجربے کے دوران جیمینائی نے آن لائن معلومات تلاش کیں اور اندازے سے حاصل کیے گئے رسائی کے کوائف استعمال کرکے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی، جنہیں اس نے جائزے کے دائرہ کار میں شامل سمجھا۔گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز نے بتایا کہ تینوں اداروں کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا، جبکہ تربیتی شراکت دار کے ساتھ مل کر جانچ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں کی گئیں۔ان کے مطابق یہ واقعہ طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے کی تربیت دینے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔اِرریگولر کے ترجمان نے کہا کہ یہ مسئلہ دیگر اے آئی تجربہ گاہوں کو درپیش مسائل سے ملتا جلتا تھا۔ متعلقہ اداروں کو جولائی کے آخر میں آگاہ کیا گیا تھا، جبکہ ان کی جانب سے شناخت کیے گئے تمام مسائل چند ہفتے قبل حل کر دیے گئے تھے۔