اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے اکاؤنٹس نظام میں ایک سال یا اس سے زائد عرصے سے خالی پڑی 60 فیصد مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے وفاقی کابینہ کے 27 اگست 2024ء کے فیصلے کی روشنی میں فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاؤنٹس افسران کو مراسلہ جاری کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق رپورٹ کے تحت کم از کم ایک سال سے خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس کا مقصد اداروں کی ضروریات کے مطابق حجم میں کمی اور سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری لانا ہے۔تاہم تبادلے، تعیناتی یا ترقی کے لیے مختص ہونے کے باعث خالی رہنے والی آسامیاں ختم کیے جانے والے عہدوں میں شامل نہیں ہوں گی۔ہدایت کے مطابق ہر کیڈر میں ختم کی جانے والی آسامیوں کو ابتدائی تقرری اور براہِ راست بھرتی کے کوٹے سے ویکنسی روسٹر کی بنیاد پر منہا کیا جائے گا۔تمام فنانشل ایڈوائزرز اور چیف اکاؤنٹس افسران کو اپنے متعلقہ ویکنسی روسٹرز پر نظرثانی یا نئے روسٹر تیار کرنے اور ترقی سے متعلق کیسز اسی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔