لاہور( پاکستان خبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مزید سات اضلاع میں گرین بس سروس کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گرین بس منصوبے کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اس کا مقصد آرام دہ، معیاری اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک گرین بس سروس کا دائرہ کار بڑھا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق گجرات، نارووال، قصور، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں آج سے گرین بس سروس باقاعدہ طور پر چلنا شروع ہو گئی ہے۔مریم نواز نے بتایا کہ تمام نئی گرین بسیں مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ ہیں، ان میں وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ بزرگ شہریوں، خواتین اور طلبہ کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔