لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمنز ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹر گل فیروزہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کے خلاف ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے میچ میں امپائر کے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرنے پر گل فیروزہ کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کردیا گیا، جبکہ ان کے کھاتے میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا۔دبئی میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ اننگز کے پانچویں اوور میں گل فیروزہ نے ہانگ کانگ کی اسپنر کاری چان کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند ان کے پیڈ سے جا ٹکرائی۔ہانگ کانگ کی اپیل پر امپائر نے گل فیروزہ کو ایل بی ڈبلیو قرار دے کر آؤٹ دے دیا، جس پر بیٹر نے فیصلے پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا، نتیجتاً ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی کارروائی کی گئی۔