اسلام آباد( اباسین خبر)راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 43، گولڑہ میں 5، پی ایم ڈی میں 43، نیو کٹاریاں میں 12، پیرودھائی میں 4 اور شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 3 فٹ ہے۔ نشیبی علاقوں میں عملہ بھاری مشینری کے ساتھ موجود ہے۔یاد رہے کہ منگل کو بھی راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئی تھیں، گاڑیاں زیر آب آگئی تھیں جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔راولپنڈی میں گھر میں کرنٹ لگنے اور اسلام آباد میں چھت گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔