ریاض/صنعا( مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے ایران نواز حوثی گروپ نے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی جازان ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی حکام نے ریفائنری میں آگ لگنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر قابو پالیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ گروپ نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں واقع آرامکو ریفائنری کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔دوسری جانب سعودی وزارت توانائی نے ریفائنری میں آگ لگنے کی تصدیق کی، تاہم اس کی وجہ بیان نہیں کی۔ وزارت کے مطابق آگ بجھا دی گئی ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے سے نمٹنے اور ضروری کارروائی مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔جازان ریفائنری سعودی عرب اور عالمی توانائی کی منڈی کے لیے اہم تنصیب ہے، جہاں روزانہ تقریباً 4 لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ریفائنری پٹرول کے علاوہ انتہائی کم سلفر والے ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات بھی تیار کرتی ہے۔واضح رہے کہ جازان میں آرامکو کی تنصیبات کو اس سے قبل بھی حوثی حملوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے، جبکہ بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں بھی آرامکو کی تنصیبات پر حملے کیے گئے ہیں۔
حوثیوں کا آرامکو جازان ریفائنری پر ڈرون حملے کا دعویٰ، آگ پر قابو پالیا گیا
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں