لاہور( ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے نے غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔پی ٹی اے کے لاہور زونل دفتر نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ساتھ مل کر فیروزپور روڈ، کاہنہ نو کے علاقے میں کارروائی کی، جہاں ایک ادارہ بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس فراہم کر رہا تھا۔پی ٹی اے کے مطابق چھاپے کے دوران 2 سسکو سوئچز، 5 جی پی او این او ایل ٹی، 19 پیچ کیبلز، 3 کیش میمو بکس اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔حکام کے مطابق غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے خلاف کارروائیوں کا مقصد ٹیکس چوری اور آمدنی کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام کے ساتھ قومی خزانے کا تحفظ بھی ہے۔پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف اتھارٹی سے باقاعدہ لائسنس یافتہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کی خدمات حاصل کریں۔