اسلام آباد( کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جس کے مطابق مہنگائی بڑھ کر 9.9 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ عالمی معاشی منظرنامے کی رپورٹ 2026ء کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال اس میں اضافے کا امکان ہے۔رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 3.5 فیصد رہے گی، جبکہ گزشتہ مالی سال مجموعی ملکی پیداوار میں اضافے کی شرح 3.6 فیصد تھی۔عالمی مالیاتی فنڈ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کا جاری کھاتوں کا خسارہ مجموعی ملکی پیداوار کے ایک فیصد کے برابر رہنے کا امکان ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے عالمی معیشت کے حوالے سے بھی پیش گوئی کی ہے کہ عالمی معاشی ترقی کی شرح 2025ء میں 3.5 فیصد تھی، جو 2026ء میں کم ہوکر 3.1 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم 2027ء میں عالمی معاشی ترقی کی شرح دوبارہ بڑھ کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف کا پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ، شرح 9.9 فیصد تک پہنچنے کا امکان
واپس خبروں پر
Category:
کامرس