اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ملک بھر میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کی تعداد 68 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے علاوہ 45 لاکھ سے زائد افراد نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ تعداد 52 لاکھ سے زیادہ تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 لاکھ سے زائد تنخواہ دار افراد نے بھی ٹیکس ریٹرن فائل کیے ہیں۔ دوسری جانب چھوٹے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی ٹیکس اسکیم کے تحت 1473 تاجروں نے گوشوارے جمع کرائے۔ان میں 137 نئے جبکہ 1336 پہلے سے رجسٹرڈ تاجر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت اب تک 2875 دکانداروں نے رجسٹریشن بھی کرائی ہے۔