کیلی فورنیا( ویب ڈیسک)میٹا کی زیرِ ملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک نئے اور منفرد فیچر ’ریڈ اونلی موڈ‘ کی آزمائش کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے صارفین بغیر نمایاں ڈیجیٹل نشان چھوڑے پلیٹ فارم پر مواد دیکھ سکیں گے۔رپورٹ کے مطابق ’ریڈ اونلی موڈ‘ فعال ہونے کی صورت میں صارف انسٹاگرام پر موجود مختلف مواد براؤز کرسکے گا، تاہم اسے پوسٹس پسند کرنے، تبصرہ کرنے، پیغامات بھیجنے، اکاؤنٹس کو فالو کرنے اور اسٹوریز دیکھنے سمیت متعدد بنیادی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔یہ موڈ کسی حد تک ’انکوگنیٹو موڈ‘ سے مشابہ قرار دیا جارہا ہے، جس کا مقصد صارفین کو اپنی سرگرمیوں کا نمایاں ڈیجیٹل ریکارڈ چھوڑے بغیر انسٹاگرام پر مواد دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فیچر ممکنہ طور پر انسٹاگرام کی ماہانہ فیس پر مبنی سبسکرپشن سروس ’انسٹاگرام پلس‘ کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔