کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز رواں سال ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم نئی ڈیوائسز گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں مہنگی ہونے کی توقع ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر غور کر رہا ہے۔ ستمبر میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ہونے والا آئی فون پیش کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے اعلیٰ معیار کے آئی فونز گزشتہ سال متعارف کرائے گئے پرو ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر فروخت کیے جاسکتے ہیں۔ گزشتہ برس ایپل نے آئی فون 17 سیریز کی قیمتیں بڑھانے سے گریز کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ایپل دیگر کمپنیوں کی جانب سے اسمارٹ فونز کی قیمتوں میں اضافے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی لاگت کا کچھ بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کے لیے آئی فون 18 پرو ماڈلز کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ متوقع ہے۔ابھی قیمت میں اضافے کی حتمی مقدار واضح نہیں، تاہم رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔