تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے جنگ کے دوران پاسداران انقلاب کے ہاتھوں تباہ ہونے والے امریکی جنگی طیارے اور دیگر ڈرونز کی باقیات نمائش کے لیے پیش کردیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے منعقدہ نمائش میں امریکی ایف 15 ای اسٹرائیک ایگل کے ملبے سمیت دیگر امریکی اور اسرائیلی فضائی اثاثوں کی باقیات رکھی گئی ہیں۔نمائش میں امریکی ایف 15 ای کے پائلٹ کی ایجیکشن سیٹ، طیارے کی کنوپی کا حصہ، دم کا ایک ٹکڑا اور دیگر ملبہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ایم کیو 1 پریڈیٹر اور ایم کیو 9 ریپر ڈرونز کی باقیات بھی نمائش کا حصہ ہیں۔یہ نمائش پاسداران انقلاب کی ایک زیرِ زمین تنصیب میں منعقد کی گئی ہے۔ ایران اسے اپنی فضائی دفاعی صلاحیت اور جنگ کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کی علامت کے طور پر پیش کررہا ہے۔ایرانی حکام کے نزدیک یہ نمائش صرف جنگی ملبے کی نمائش نہیں بلکہ امریکی فضائی طاقت کے مقابل اپنی دفاعی کامیابیوں کا علامتی اظہار بھی ہے۔