تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے یمن کے حوثی گروپ کی کارروائیوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے فوجی اقدامات کے بجائے سیاسی رابطوں اور مذاکرات پر زور دیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حوثیوں کی جانب سے خلیجی ممالک کے خلاف کارروائیوں کے تناظر میں سیاسی رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی تجویز پیش کی۔پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق ایران نے حوثیوں اور عراقی مسلح گروہوں سے خود کو الگ قرار دیا ہے، جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور عباس عراقچی مسئلے کو حل کرنے کے خواہاں ہیں۔اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ایران کی تجویز کو فوجی کارروائی کے متبادل کے طور پر آئندہ ہفتے ریاض میں ہونے والے اجلاس میں زیرِ غور لایا جائے گا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثیوں کے حملوں کے باعث سعودی عرب سمیت خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف ممالک سیاسی راستے سے صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔