تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عمان میں آج ہونے والا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر ملتوی کیا گیا۔ایران اور خلیج فارس کے سات ممالک کے وزرائے خارجہ کو عمان کے شہر صلالہ میں اجلاس کیلئے جمع ہونا تھا، جہاں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ موقع ایران اور عمان نے فراہم کیا تھا اور توقع تھی کہ خطے کے ممالک اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام جائز تحفظات کے باوجود یہ مناسب موقع تھا کہ خطے کے ممالک بیرونی عناصر کی مداخلت سے آزاد ہوکر باہمی مذاکرات کرتے۔ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی ذمہ دار فریق بیرونی دباؤ یا ایسے جواز کی بنیاد پر اجلاس نہ ہونے کو درست قرار نہیں دے گا، جن کا ایران سے حقیقی تعلق ہی نہیں۔اجلاس کی نئی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔ اجلاس ملتوی کیے جانے کا اعلان عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کیا تھا، جبکہ بحرین پہلے ہی ایران کی شرکت کے باعث اجلاس میں شامل نہ ہونے کا اعلان کرچکا تھا۔