تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اپنے دشمن کو خبردار کیا ہے کہ ملک میں طویل جنگ جاری رکھنے کے لیے درکار اسلحہ تیار کرنے کی وافر صلاحیت موجود ہے۔ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان رضا طلائی نیک نے کہا ہے کہ ایران کا پیداواری نظام طویل جنگ کے لیے ضروری اسلحہ تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنگ کے دوران اسلحے کی پیداوار جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں ڈھائی گنا بڑھ گئی۔ ایران نے پہلے ہی متبادل اور محفوظ پیداواری مقامات تیار کر رکھے تھے، جبکہ فوجی سازوسامان کی تیاری ایک دن کے لیے بھی نہیں رکی۔رضا طلائی نیک کے مطابق جنگ کے دوران تقریباً 9 ہزار کمپنیوں نے رضاکارانہ طور پر فوجی سازوسامان تیار کرنے کی کوششوں میں حصہ لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع کا عملہ میزائل داغنے والی ٹیموں، ڈرون یونٹس، بحری اور فضائی افواج کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ میدانِ جنگ سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں نئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کو بہتر بنایا جا سکے۔ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کی پہلی ترجیح اپنی فوجی ضروریات پوری کرنا ہے، تاہم ملک اضافی دفاعی مصنوعات برآمد کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران پہلے اپنی ضروریات پوری کرے گا اور مستقبل میں برآمدات کے لیے اضافی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔
طویل جنگ کیلئے اسلحے کی پیداوار بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایران
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں