تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے بحری ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رہا تو آبنائے ہرمز سمیت دیگر اہم سمندری راستوں کی مکمل بندش کا امکان ہے۔ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محمد باقر ذوالقدر نے کہا ہے کہ امریکی بحری اقدامات جاری رہنے کی صورت میں خطے کی اہم آبی گزرگاہیں مزید محدود ہو سکتی ہیں۔سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق محمد باقر ذوالقدر نے کہا کہ امریکا کی مسلسل اشتعال انگیز پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف آبنائے ہرمز متاثر ہوگی بلکہ دیگر بحری راستوں کی بندش بھی عمل میں آ سکتی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ واشنگٹن کے اقدامات کے اثرات عالمی معیشت، توانائی کی منڈیوں اور امریکی عوام کو بھی برداشت کرنا پڑ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ 14 جولائی کو امریکی سینٹ کام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کے خلاف دوبارہ بحری ناکہ بندی کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔