اسلام آباد( پاکستا ن خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے اضافی 50 فیصد ٹول ٹیکس وصولی روکنے کے حکم میں توسیع کر دی۔اضافی ٹول ٹیکس وصولی کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر کی سربراہی میں ہوئی، جس دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا این ایچ اے کے جواب کی نقل موصول ہو گئی ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ جواب ابھی ملا ہے تاہم اسے مکمل طور پر پڑھ نہیں سکے۔این ایچ اے کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اسی نوعیت کا ایک اور مقدمہ بھی زیر سماعت ہے، اس لیے دونوں کیسز کو یکجا کیا جائے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو دوسرے مقدمے کا علم ہے، تاہم دونوں الگ الگ درخواستیں ہیں۔بعد ازاں عدالت نے بغیر ایم ٹیگ یا کم بیلنس والی گاڑیوں سے 50 فیصد اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی روکنے کے عبوری حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، اضافی 50 فیصد ٹول ٹیکس وصولی روکنے کا حکم برقرار
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان