راولپنڈی( پاکستان خبر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نام نہاد آپریشن سندور پر بھارتی دستاویزی فلم کو ڈرامائی، جذباتی اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں شکست کے ایک سال سے زائد عرصے بعد بھی بھارت تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی مواد تخلیق کاروں نے تاریخ کو مسخ کرنے کے لیے آپریشن سندور کی ایک رنگین اور فلمی داستان پیش کی، جس میں بھارتی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ناکام مہم میں شکست تسلیم کرنے کے بجائے بھارت نے تاریخ کو اپنی مرضی کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کی۔ترجمان کے مطابق بھارتی ڈاکومینٹری میں حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور ڈرامائی مناظر کو نمایاں کیا گیا ہے۔ پہلگام واقعے کے مبینہ ملزمان 28 جولائی کو مارے گئے تو سوال یہ ہے کہ 7 مئی کو بھارت نے کس کو سزا دی؟ اسی طرح 100 فیصد مشن کامیابی کا دعویٰ بھی آپریشنل ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاکستان نے بھارتی جارحیت ناکام بناتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے جبکہ آپریشن بنیان مرصوص میں 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ فلمی مناظر جنگی نقصانات اور حقیقی حقائق تبدیل نہیں کرسکتے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاکستان کو معرکۂ حق کے حوالے سے کسی من گھڑت بیانیے کی ضرورت نہیں، جنگی ریکارڈ، سفارتی رابطے اور بھارتی بیانات خود حقیقت واضح کرتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے، مسلح افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں، آئندہ کسی فوجی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔
بھارتی آپریشن سندور کی ڈاکومینٹری حقائق کے منافی ہے: آئی ایس پی آر
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان