مقبوضہ بیت المقدس( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں علی الصبح چھاپے مار کر کم از کم 2 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارروائی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں، املاک اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں بیت دوقو میں چھاپے کیلئے 10 فوجی جیپیں استعمال کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق فوجیوں نے متعدد گھروں کی تلاشی لی اور کئی رہائشیوں کو حراست میں لے لیا۔رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع نبی صالح میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک گھر کی تلاشی لے کر 19 سالہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرلیا، تاہم زیر حراست افراد کی مجموعی تعداد اور شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طوباس اور قریبی قصبے عقبہ میں بھی کارروائیاں کیں اور متعدد گھروں کی تلاشی لی۔