کراچی (پاکستان خبر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے 9 ٹاؤنز میں جماعت اسلامی کے ترقیاتی کام گیم چینجر ثابت ہورہے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی سرکاری اسکولوں میں جدید تعلیم کا نظام متعارف کروا رہی ہے۔کراچی کے گلبرگ ٹاؤن میں ابوتراب گورنمنٹ اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ کا بجٹ چند ہاتھوں کو مضبوط کررہا ہے، جبکہ پنجاب کی وزیراعلیٰ 11 ارب روپے کا جہاز خرید کر گھوم رہی ہیں۔ قوم کی تعمیر سیاست دانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین موجود ہیں، وہاں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کررہی ہے، تاہم کچرا اٹھانے کا اختیار ٹاؤن کے پاس نہیں۔ شہر کا نصف حصہ پینے کے پانی سے محروم ہے، لیکن جماعت اسلامی بلدیاتی اختیارات کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں تعلیم اور ٹرانسپورٹ کی صورت حال خراب ہے۔ کل 9 پوائنٹس بسیں کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ کے حوالے کی جائیں گی۔حافظ نعیم الرحمان نے ابوتراب اسکول کے بچوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی سرکاری اسکولوں میں جدید تعلیم کا نظام لارہی ہے۔ اسکولوں کی تزئین و آرائش کے بعد طلبہ کے داخلوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ گلبرگ ٹاؤن 10 ہزار تعلیمی کارڈ جاری کرے گا، جبکہ پورے کراچی میں بھی تعلیمی کارڈ متعارف کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے 41 ہزار اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور 78 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جو سندھ حکومت کی 18 سالہ کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جمعہ سے ملک کے 150 مقامات پر پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا۔