کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) ناسا کے سابق امریکی خلانورد ونسٹن اسکاٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کائنات میں انسانوں کے علاوہ بھی ذہین مخلوق موجود ہوسکتی ہے، تاہم انہوں نے خلائی مخلوق کی زمین پر آمد سے متعلق کوئی حتمی بات نہیں کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 1990 کی دہائی میں 2 خلائی مشنز کا حصہ رہنے والے ونسٹن اسکاٹ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کائنات میں کہیں نہ کہیں زندگی ضرور موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کائنات میں اربوں سیارے ہیں اور ممکن ہے کہ بعض سیاروں پر بھی زمین جیسے حالات پیدا ہوئے ہوں، جہاں زندگی نے جنم لیا ہو۔ ان کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ پوری کائنات میں صرف زمین ہی ذہین زندگی کا مسکن ہو۔سابق خلانورد نے واضح کیا کہ کائنات میں زندگی کی موجودگی اور خلائی مخلوق کا زمین پر آنا 2 الگ معاملات ہیں۔ان کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے نامعلوم اڑن اشیا سے متعلق نئی خفیہ دستاویزات جاری کی ہیں، جن میں پراسرار مخلوقات اور امریکا میں ایک نامعلوم فضائی شے کی نگرانی سے متعلق دعوے بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ خلائی مخلوق کی موجودگی کے حوالے سے اب تک کوئی مستند سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ ونسٹن اسکاٹ کا بیان ان کے ذاتی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔