اسلام آباد( پاکستان خبر) خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں آج وفاقی سطح پر اہم مشاورت متوقع ہے، جس میں صوبے کے مستقبل سے متعلق مختلف آئینی امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امیر مقام کو وزیراعظم ہاؤس طلب کرلیا ہے، جہاں خیبرپختونخوا کے معاملات، ممکنہ آئینی اقدامات اور دیگر سیاسی و قانونی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آج شام یا رات ایوان صدر میں بھی اہم ملاقات متوقع ہے۔ اس دوران وزیراعظم صدرِ مملکت کو خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور صوبے سے متعلق آئینی راستوں پر مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاسوں میں صوبے کی انتظامی کارکردگی، امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات سمیت موجودہ صورتحال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔